راولاکوٹ /رپورٹ کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے پونچھ ڈویژن میں جاری شدید لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، اور موبائل نیٹ ورک کی ناقص کارکردگی کے باعث عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمہ برقیات اور مختلف موبائل سروس فراہم کرنے والے اداروں کی مبینہ غفلت اور ناقص سروس کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ صورتحال کے پیشِ نظر پونچھ ڈویژن کی تمام عوامی ایکشن کمیٹیوں کا ایک اہم مشترکہ اجلاس 3 دسمبر بروز بدھ دن 1 بجے راولاکوٹ میرج ہال میں طلب کر لیا گیا ہے۔ میرج ہال سپلائی بازار کے نزدیک علی فردوس کلینک کے مواصلت میں واقع ہے۔
اجلاس کا مقصد پونچھ انتظامیہ اور محکمہ برقیات کی بدعہدی، وعدہ خلافیوں اور عوامی مسائل کے حل میں مسلسل ناکامی کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ عوامی شکایات کے مطابق بدترین لوڈشیڈنگ نے گھریلو زندگی، کاروبار، تعلیمی سرگرمیوں اور صحت کے شعبے کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ دوسری جانب ناقص موبائل اور انٹرنیٹ سروس نے روزمرہ کے معمولات، آن لائن رابطوں اور ای گورننس کے نظام کو بھی مفلوج کر دیا ہے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پونچھ ڈویژن کی تمام ایکشن کمیٹیوں کے ذمہ داران سے اجلاس میں بھرپور، مؤثر اور بروقت شرکت کی اپیل کی ہے۔ ترجمان کے مطابق کمیٹی اس اجلاس میں مشترکہ احتجاجی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم، اور انتظامیہ کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے نکات طے کرے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ عوامی مسائل اپنے عروج پر ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ تمام کمیٹیاں متحد ہو کر ایک واضح اور مضبوط مؤقف سامنے لائیں تاکہ پونچھ ڈویژن کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
اجلاس میں بڑے فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ عوامی حلقوں نے بھی اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مشترکہ کاوشیں جلد مثبت نتائج دیں گی۔
Share this content:


