اسلام آباد: جج کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے 2 نوجوان لڑکیاں ہلاک

اسلام آباد /کاشگل نیوز

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کے سیکریٹریٹ چوک میں گزشتہ رات ایک ٹریفک حادثے میں2 نوجوان لڑکیاں ہلاک ہوگئیں۔

واقعہ رات تقریباً بارہ بجے پیش آیا جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد آصف کے 16 سالہ بیٹے ابوزر نے مبینہ طور پر بغیر ڈرائیونگ لائسنس V8 لینڈ کروزر پر ڈرفٹنگ کرتے ہوئے سکوٹی پر گھر واپس جانے والی لڑکیوں کو ٹکر مار دی۔

عینی شاہدین کے مطابق گاڑی تیز رفتاری سے بے قابو ہوئی اور سکوٹی کو زور دار ٹکر لگی جس کے نتیجے میں دونوں لڑکیاں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

پولیس نے کم سن ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس واقعے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کی مصروفیات بھی متاثر ہوئیں۔

عدالت کے عملے کے مطابق جسٹس محمد آصف کی آج کی کاز لسٹ اچانک منسوخ کر دی گئی۔

عدالتی ترجمان کا کہنا ہے کہ جج صاحب “طبیعت ناسازی کے باعث چھٹی پر ہیں”، جس کے باعث آج کی تمام سماعتیں ملتوی کی گئی ہیں۔

پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے جبکہ شہریوں نے کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: