بنوں میں انتظامی آفیسر کے قافلے پر حملہ ، اسسٹنٹ کمشنر 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کے قافلے پر شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ہلاک ہو گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے تصدیق کی کہ اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی کے قافلے پر حملے میں دو پولیس اہلکار اور ایک راہگیر سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

کمشنر بنوں کے سیکریٹری محمد ثاقب کے مطابق یہ حملہ بنوں میرانشاہ روڈ پر ممش خیل کے علاقے معصوم آباد میں ایک فلور مل کے قریب پیش آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ایک عدالتی پیشی پر آرہے تھے کہ رستے میں ان پر تقریباً صبح دس بجے یہ حملہ ہوا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بنوں میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کے قافلے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ’یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔‘

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ ’ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ایسی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی ہیں۔‘

Share this content: