عوامی ایکشن کمیٹی کا 16 دسمبر کو پھر سے احتجاج و لانگ مارچ کا اعلان

راولاکوٹ/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ ڈویژن نے ہنگامی اجلاس کے بعد اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 16 دسمبر کو ڈویژن بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور گرڈ اسٹیشنز و محکمہ برقیات کے دفاتر کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ احتجاج بلاجواز لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، موبائل اور انٹرنیٹ کی ناقص سروسز اور مہنگے موبائل پیکیجز کے خلاف کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق ممبر کور کمیٹی سردار عمر نذیر کشمیر نے آزاد کشمیر حکومت کو 14 دسمبر تک مسائل کے حل کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اقدامات نہ کیے تو عوامی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اجلاس میں صحافی سہراب برکت کی گرفتاری کی شدید مذمت بھی کی گئی۔

طویل دورانیے کے اجلاس میں پونچھ ڈویژن کے چاروں اضلاع سے مرکزی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح کے ایکشن کمیٹی نمائندگان نے شرکت کی اور مشترکہ اعلامیہ منظور کیا۔

اس وقت آزاد کشمیر خصوصاً پونچھ ڈویژن میں بدترین لوڈشیڈنگ 14 سے 16 گھنٹے تک جاری ہے، کئی مقامات پر انتہائی کم وولٹیج کی فراہمی اور موبائل/انٹرنیٹ سروسز کی خراب صورتحال نے شہریوں کی زندگی شدید متاثر کر رکھی ہے، جس پر عوامی بے چینی بڑھ رہی ہے۔

Share this content: