باغ/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں کمشنر پونچھ ڈویژن کی بڑی کارروائی؛ جعلی فردِ انتخاب اور ریکارڈ میں ٹمپرنگ میں ملوث عملہ معطل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل باغ انکوائری آفیسر مقرر کر دی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر پونچھ ڈویژن چوہدری مختار حسین نے ڈپٹی کمشنر باغ کی تحریک پر جعلی فردِ انتخاب جاری کرنے اور ریکارڈ مال میں ٹمپرنگ کے مرتکب عملے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ گرداور، دفتر قانون گو، گرداور سرکل، پٹواری اور نائب قاصد کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
کمشنر پونچھ ڈویژن نے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل باغ کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے، جو مقررہ مدت کے اندر اپنی رپورٹ کمشنر پونچھ کو پیش کریں گے۔
عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر باغ نے ابتدائی سطح پر انکوائری کروائی تھی جس میں متعلقہ اہلکاران کے خلاف ریکارڈ میں جعل سازی اور ٹمپرنگ کے ثبوت سامنے آئے۔ ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر باغ نے مزید کارروائی کے لیے معاملہ کمشنر پونچھ کو ارسال کیا، جس پر کمشنر نے انضباطی کارروائی کی منظوری جاری کر دی۔
عوامی حلقوں نے کمشنر پونچھ ڈویژن کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کارروائی سے محکمہ مال میں شفافیت کو فروغ ملے گا اور عوامی شکایات کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔
Share this content:


