مظفرآباد /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے آزاد پتن کے مقام پر پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
یہ تصدیق ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی جی ایس ڈی ایم اے) نے کی ہے۔
ڈی جی ایس ڈی ایم اے کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ آزاد پتن ڈیم میں ڈوبنے والی ہائی ایس گاڑی کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جس کے بعد گاڑی کو نکالنے اور مزید شواہد جمع کرنے کے لیے ریسکیو 1122، ایس ڈی ایم اے اور مقامی رضاکار مشترکہ طور پر آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈی جی ایس ڈی ایم اے خود ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہجیرہ سے راولپنڈی جانے والی ہائی ایس نمبر 7599 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر آزاد پتن کے مقام پر ڈیم میں جا گری تھی، جس میں متعدد مسافر سوار تھے۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ڈیم کے گہرے پانی اور تیز بہاؤ کے باعث آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔
Share this content:


