پونچھ: جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ ڈویژن نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ بذریعہ کور ممبر عمر نذیر کشمیری کمشنر پونچھ کو پیش کر دیا۔
دوسری جانب کمیٹی نے 16 دسمبر کو گریڈ اسٹیشنوں کی جانب لانگ مارچ اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے اعلان کو برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
چارٹر آف ڈیمانڈ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں بجلی کی مجموعی پیداوار کا صرف 10 فیصد استعمال ہوتا ہے، ایسے میں لوڈشیڈنگ کی کوئی جوازیت نہیں۔ پونچھ ڈویژن بالخصوص باغ میں گزشتہ چار ماہ سے 15 سے 18 گھنٹے تک بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، جسے ٹاور کی خرابی کا بہانہ بنا کر برقرار رکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے 5 نومبر کے اجلاس میں 30 نومبر تک مسئلہ حل کرنے اور 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے وعدے کیے گئے تھے، تاہم وعدہ وفا نہ ہو سکا۔
مطالبات میں راولا کوٹ گریڈ اسٹیشن کی اپگریڈیشن، منگ گریڈ اسٹیشن کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے، تھوراڑ کے لیے الگ فیڈر، پونچھ، باغ اور سدھنوتی کے تمام گریڈ اسٹیشنوں کی اپگریڈیشن، نئے فیڈرز کی تنصیب، اور حویلی ضلع کے لیے علیحدہ گریڈ اسٹیشن کی تعمیر شامل ہیں۔ کمیٹی نے چھا جال ہائیڈرل پاور حویلی کی بجلی ضلع حویلی کو فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
مزید مطالبات میں محکمہ برقیات میں کرپشن کے خاتمے، سالانہ آڈٹ رپورٹس کی اشاعت، سیاسی بنیادوں پر بنائی گئی اسکیموں کی ازسرنو تشکیل، میٹرز اور لوڈ کے نام پر بلیک میلنگ بند کرنے، بینک ووچر کے ذریعے فیس وصولی، اور غیر معیاری کنڈیکٹرز کے استعمال پر پابندی شامل ہے۔ شہری و دیہی علاقوں میں گھروں اور دکانوں کی چھتوں سے بجلی کی تاریں منتقل کرنے، کم وولٹیج کے مسئلے کے فوری حل، اور موبائل کمپنیوں کی ناقص سروس پر نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
چارٹر میں کشمیری صحافی سہراب برکت پر درج مبینہ بوگس مقدمات ختم کر کے رہائی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق مطالبات کی منظوری تک پونچھ ڈویژن میں تمام گریڈ اسٹیشنوں اور برقیات دفاتر کی جانب پرامن احتجاجی مارچ، دھرنے اور مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری رہے گی۔
Share this content:


