مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی نیلم کے بلند و بالا پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جہاں خوبصورت مناظر کے ساتھ سرد ہوائیں بھی چلنے لگی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وادی نیلم کے علاوہ لیپہ، گنگا چوٹی، لسڈنہ اور پیر چناسی کے مقام پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب مظفرآباد سمیت دیگر میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت بڑھنے سے شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں معمولاتِ زندگی جزوی طور پر متاثر ہونے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں مزید برفباری بھی متوقع ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Share this content:


