نلوچھی گراؤنڈ کے سرکاری رقبہ پر مبینہ قبضہ، لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر کے درالحکومت مظفرآباد کے نلوچھی گراؤنڈ کا سرکاری رقبہ، جو مجموعی طور پر نو کنال سولہ مرلے ایوارڈ شدہ ہے، ایک بار پھر لینڈ مافیا کی مبینہ سرگرمیوں کی زد میں آ گیا ہے۔

ریکارڈ کے مطابق خسرہ نمبر سابقہ 593 حالیہ 522 سے چار کنال 14 مرلے رقبہ بھی باقاعدہ ایوارڈ میں شامل ہے۔

عوام علاؤہ نلوچھی کے مطابق لینڈ مافیا نے سعید ولد زبردست خان کے نام سے سال 1964 کی منسوب جعلی الاٹمنٹ چٹ تیار کر کے اس کی آڑ میں خلافِ قانون ملکیتی حقوق ظاہر کیے اور مذکورہ رقبہ کے ڈی ایوارڈ کے لیے عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر میں رٹ پٹیشن دائر کر رکھی ہے۔

یہ رٹ حمیدہ بیگم بنام آزاد حکومت وغیرہ کے عنوان سے جسٹس سردار اعجاز کے روبرو زیر سماعت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نلوچھی گراؤنڈ کے خسرہ نمبر 527 کے ڈی ایوارڈ سے متعلق راجہ مشتاق بنام آزاد حکومت کی رٹ عدالت سے خارج ہو چکی ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین ایم ڈی اے ملک ایاز نے خسرہ نمبر 522 میں سے لینڈ مافیا سے رقبہ حاصل کر کے ایوارڈ شدہ زمین پر قانون کے منافی تعمیرات کی اجازت دی اور مبینہ طور پر ملی بھگت سے این او سی جاری کی، جو قانوناً قابلِ مواخذہ عمل ہے۔

اب جبکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، لینڈ مافیا نے بااثر سیاسی شخصیات کی مبینہ سرپرستی میں نلوچھی گراؤنڈ کے اندر غیر قانونی طور پر دیوار تعمیر کرنا شروع کر دی ہے۔ جس مقام پر دیوار لگائی جا رہی ہے، اس کے باہر وہ حصہ بھی شامل ہے جہاں پہلے ہی این او سی کی بنیاد پر ناجائز تعمیرات کی جا چکی ہیں، اور یہ تمام رقبہ بھی ڈی ایوارڈ میں شامل بتایا جا رہا ہے۔

اکابرین علاقہ کے مطابق نلوچھی گراؤنڈ کی تعمیر و ترقی کے لیے سابق حکومت کی جانب سے باضابطہ پی سی ون بھی تیار کیا جا چکا ہے جس کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، تاہم اس کے باوجود گراؤنڈ کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

عوام علاقہ نلوچھی کا مزید الزام ہے کہ موجودہ حکومتی وزرا میں سے ایک سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے خسرہ نمبر 598 میں سے دو کنال رقبہ اپنے بچوں کے نام پر حاصل کر رکھا ہے، جہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔

علاقہ مکینوں، معززین اور عوامی نمائندوں نے چیف جسٹس عدالت العظمیٰ و عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نلوچھی گراؤنڈ کو بچانے کے لیے فوری مداخلت کی جائے، لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایوارڈ شدہ سرکاری رقبہ کے ڈی ایوارڈ کی تمام کوششوں کو فوری طور پر مسترد کیا جائے۔

Share this content: