مظفرآباد / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی حکومت نے سال 2025 کی قدرتی آفات اور حادثات وواقعات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں پیش آنے والے مختلف قدرتی، موسمی اور انسانی حادثات کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) جموں و کشمیر نے سالانہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
ایس ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قدرتی و موسمی حادثات ،شدید بارشیں، برفباری، لینڈ سلائیڈنگ اور آندھیوں سے 50 افراد ہلاک ہوگئے ۔
جبکہ تنازعات اور جنگی صورتحال سے 33 افراد اور روڈ حادثات میں 132 افراد ہلاک ہو گئے ۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 215 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3,252 افراد زخمی ہوئے۔
جنگلاتی آتشزدگی کے 66 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ گھریلو آگ لگنے سے 170اور تجارتی مراکز میں آگ لگنے کے 146واقعات سمیت سال بھر میں آگ لگنے کے کل 382 واقعات رپورٹ ہوئے۔
مکانات کو پہنچنے والا نقصانات میں 504مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 4,403کوجزوی طور پر نقصان ہوا۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آگ سے بچاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں، غیر ضروری آگ جلانے سے گریز کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوامی احتیاط ہی جانی و مالی نقصانات میں کمی کا مؤثر ذریعہ ہے۔
Share this content:


