تحصیل تھوراڑ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، عوام مشتعل ، بجلی کے بل نذرِ آتش

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل تھوراڑ میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی غم و غصہ شدت اختیار کر گیا۔

شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بجلی کے بل نذرِ آتش کر دیے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق محکمہ برقیات کی جانب سے گزشتہ نو دنوں سے تحصیل تھوراڑ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کاروباری زندگی، تعلیمی سرگرمیاں اور روزمرہ معمولات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا محکمہ برقیات کے ذمہ داران کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا، تاہم یقین دہانیوں کے سوا کوئی عملی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید سردی اور بنیادی سہولت کی عدم دستیابی نے عوام کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

احتجاج کے دوران شہریوں نے محکمہ برقیات کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل بھی بجلی کے بل نذرِ آتش کر کے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز ضلع پونچھ سے ہی ہوا تھا۔

مظاہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ بعض مظاہرین نے نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور تحصیل تھوراڑ میں بجلی کی صورتحال معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: