اسلام آباد / کاشگل نیوز
آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (AKNPS) نے روزنامہ جموں و کشمیر کے چیف ایڈیٹر عامر محبوب کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کے مطابق یہ اقدام عامر محبوب کے خلاف جعلی سرٹیفکیٹ باشندہ ریاست جموں و کشمیر سے متعلق عدالتی کیس سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوسائٹی کے اجلاس میں اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ عدالتی کارروائی کے زیرِ سماعت ہونے تک عامر محبوب کی رکنیت معطل رہے گی۔
آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کا کہنا ہے کہ صحافت میں شفافیت، دیانت داری اور قانونی تقاضوں کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
سوسائٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو مزید تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جبکہ عامر محبوب کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اس فیصلے کو کشمیری صحافتی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جسے صحافتی اقدار اور ادارہ جاتی ساکھ کے تحفظ کی جانب قدم سمجھا جا رہا ہے۔
Share this content:


