گلگت / کاشگل نیوز
گلگت بلتستان کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت علی ابرار بگورو نے اپنے ساتھیوں سمیت خطے کی سب سے پرانی قومی و عوامی تحریک قراقرم نیشنل موومنٹ (KNM) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لیا۔
اس سلسلے میں دنیور کے ایک مقامی ہوٹل میں قراقرم نیشنل موومنٹ کی جانب سے ایک پروقار شمولیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ممتاز نگری ایڈوکیٹ، سینئر رہنما تعارف عباس ایڈوکیٹ، سابق چیئرمین محمد جاوید سمیت طلبہ، نوجوانوں اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے علی ابرار بگورو اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت کو قراقرم نیشنل موومنٹ کے لیے تقویت کا باعث قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی جدوجہد، تجربہ اور عوامی وابستگی تحریک کے مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔
چیئرمین ممتاز نگری ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قراقرم نیشنل موومنٹ گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی، آئینی اور معاشی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر اس فرد کا خیر مقدم کیا جائے گا جو خطے کے روشن مستقبل، انصاف اور برابری کے لیے جدوجہد کرنا چاہتا ہے۔
آخر میں علی ابرار بگورو نے قراقرم نیشنل موومنٹ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عوامی حقوق، قومی تشخص اور باوقار سیاسی جدوجہد کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Share this content:


