گلگت / کاشگل نیوز
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے مرکزی رہنماؤں بابا جان، عاشق علی، ظہور الٰہی، اصف سخی، شیر نادر شاہی، رضوان بیگ، ذیشان علی، اخون بائے، شیر افضل، رحیم خان اور ندیم امان نے آج ایک مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ چیپورسن وادی کو فوری طور پر آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ چیپورسن وادی میں آج آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے مکانات، سڑکیں اور بنیادی انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ علاقے میں طبی ہنگامی صورتحال بھی پیدا ہو چکی ہے۔
عوامی ورکرز پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چیپورسن وادی کی سڑک کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری رہ سکیں اور متاثرہ علاقوں تک ریلیف پہنچایا جا سکے۔
مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر چیپورسن میں متحرک ہوں تاکہ نقصانات کا جامع جائزہ لیا جا سکے، متاثرہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے، اور متاثرہ گھروں کی بحالی، سڑکوں کی مرمت اور آمدورفت کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ علاقے میں زخمی ہونے والوں کے لیے طبی سہولیات اور ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور ضرورت پڑنے پر اضافی طبی عملہ اور وسائل فراہم کیے جائیں۔
عوامی ورکرز پارٹی نے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیش سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ چیپورسن وادی میں موبائل اور کمیونیکیشن سروسز کی بحالی اور تسلسل کے لیے خصوصی اقدامات کرے تاکہ ہنگامی صورتحال میں عوام کا رابطہ بحال رہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عوامی ورکرز پارٹی متاثرہ عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت صرف بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اور فوری اقدامات کے ذریعے چیپورسن کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
Share this content:


