مظفرآباد/کاشگل نیوز
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے مطابق حالیہ شدید بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں پاکستانی کشمیر کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان موسمی حالات کے باعث ضلع باغ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور باغ میں مجموعی طور پر 29 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 11 مکانات مکمل جبکہ 18 مکانات جزوی طور پر منہدم ہوئے۔ اس کے علاوہ دو دکانوں، دو مویشیوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ ایک مدرسہ، مویشی خانہ اور میرج ہال بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شدید برفباری کے باعث مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی، باغ، پونچھ، سدھنوتی اور حویلی کے مختلف علاقوں میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ بعض مقامات پر سڑکیں جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہیں تاہم برف اور پھسلن کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی نگرانی میں محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کے لیے بھاری مشینری تعینات کر دی گئی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی باقی بند سڑکوں کو بھی جلد بحال کر دیا جائے گا۔
ایس ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
Share this content:


