دھیرکوٹ میں کمرے میں کوئلے کی گیس بھرنے سے 12 سالہ بچہ ہلاک، 3 افراد بے ہوش

دھیرکوٹ /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے دھیرکوٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سردی سے بچاؤ کے لیے کمرے میں جلائے گئے کوئلوں کی گیس بھر جانے سے 12 سالہ بچہ ہلاک جبکہ اس کے والدین اور بھائی بے ہوش ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ دھیرکوٹ کے نواحی علاقے کلس پجے میں پیش آیا۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ ندیم نے رات کے وقت سردی سے بچنے کے لیے کمرے میں کوئلے جلائے، جس کے باعث کمرے میں زہریلی گیس بھر گئی اور چاروں افراد بے ہوش ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہو کر چاروں افراد کو باہر نکالا۔ تاہم 12 سالہ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ندیم، اس کی اہلیہ اور دوسرے بیٹے کی حالت تشویشناک تھی، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سردی کے موسم میں بند کمروں میں کوئلے یا دیگر آتش گیر اشیاء جلانے سے گریز کریں تاکہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

Share this content: