خورشید نیشنل لائبریری: مظفرآباد کا علم کا خزانہ اور فکری روشن خیالی کا مرکز

کاشگل نیوز خصوصی رپورٹ

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قلب میں واقع کے ایچ خورشید نیشنل لائبریری علم، شعور اور فکری تربیت کا وہ خاموش مگر مؤثر مرکز ہے جو برسوں سے نسلوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔

یہ لائبریری نہ صرف پاکستانی کشمیر کی سب سے بڑی لائبریری ہے بلکہ خطے میں مطالعے اور تحقیق کا ایک مضبوط حوالہ بھی سمجھا جاتا ہے۔

پچاس ہزار سے زائد کتب پر مشتمل یہ ادارہ محض اینٹوں اور دیواروں کی عمارت نہیں بلکہ علم کا ایسا خزانہ ہے جہاں ہر قاری کو اپنے سوالات کے جوابات ملتے ہیں۔ لائبریری کے کشادہ ہال، قطار در قطار سجی کتابوں کی الماریاں اور مطالعے میں محو طلبہ اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ یہ جگہ آج بھی علم کے متلاشی افراد کے لیے کشش رکھتی ہے۔

موجودہ دور میں جہاں موبائل فون اور سوشل میڈیا نے مطالعے کی عادت کو کمزور کر دیا ہے، وہیں کے ایچ خورشید لائبریری علم کے چراغ کو روشن رکھنے کی مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ خاموش مطالعہ ہالز میں بیٹھے نوٹس لیتے طلبہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ آج بھی کتاب سے رشتہ ختم نہیں ہوا، بس اسے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

کے ایچ خورشید لائبریری نہ صرف ماضی کے علمی ورثے کو محفوظ کیے ہوئے ہے بلکہ پاکستان زیرِ انتظام کشمیر کے مستقبل کو بھی علم، شعور اور آگہی سے منور کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ لائبریری کتابوں کا محض ذخیرہ نہیں بلکہ شعور، تحقیق اور فکری آزادی کی علامت ہے۔

وقت کا تقاضا ہے کہ نئی نسل کو مطالعے کی طرف راغب کیا جائے اور ایسے علمی مراکز کو مزید فعال، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مضبوط بنایا جائے تاکہ علم کی یہ روشنی آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتی رہے۔

درج ذیل لنک پر کلک کرکے اس ٹیکسٹ رپورٹ کی ویڈیو رپورٹ بھی ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔ ادارہ

https://www.facebook.com/reel/1242383364702053/?s=single_unit

Share this content: