کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ تیسرے روز بھی معطل، ٹرین سروس بحال نہ ہو سکی

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موبائل فون ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ سروس ہفتے کے روز معطل کی گئی تھی جو تاحال بحال نہیں ہو سکی۔

انٹرنیٹ سروس کی بندش سے کاروباری افراد، طلبہ، آن لائن فری لانسرز اور دیگر صارفین متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ روزمرہ امور انجام دینے میں بھی شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ آن لائن تعلیمی سرگرمیاں، بینکاری خدمات اور کاروباری رابطے بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ سے ٹرین سروس بھی تیسرے روز معطل رہی۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس آج مسلسل تیسرے روز روانہ نہ ہو سکی۔ اسی طرح کوئٹہ سے چمن کے لیے پیسنجر ٹرین بھی آج روانہ نہیں کی جا سکی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس ناگزیر وجوہات کی بنا پر معطل کی گئی ہے، تاہم بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔ مسافروں نے ٹرینوں کی طویل بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے جلد سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: