اسلام آباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے وفاقی وزیر امیر مقام اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدھری نےپاکستانی کشمیر کے وزراء کے ہمراہ AJK Council میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے قائم امپلیمنٹیشن کمیٹی کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ جائزہ اجلاسوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے اور پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعدد اجلاس منعقد ہو چکے ہیں، تاہم آج کے اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے نمائندگان کی عدم شرکت کو بدقسمتی قرار دیا گیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے مفاد میں مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔
وفاقی وزراء کے مطابق مہاجرین کی واپسی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایک قانونی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جس کے دو اجلاس طلب کیے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ اجلاس 26 تاریخ کو منعقد ہوگا۔
پریس کانفرنس میں پاکستانی کشمیر حکومت کی جانب سے امپلیمنٹیشن کمیٹی کے رکن وزراء چوہدری قاسم مجید اور دیوان علی خان چغتائی کے علاوہ چیف سیکرٹری پاکستان زیر انتظام کشمیر بھی شریک تھے۔
وفاقی حکومت نے معاہدے پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی اور وزیر اعظم پاکستان کی ذاتی دلچسپی کا حوالہ دیتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
Share this content:


