گلگت میں پانی و بجلی بحران کے خلاف خواتین و بچوں کا احتجاجی مظاہرہ

گلگت / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیرا نتظام گلگت بلتستان کے گلگت شہر کے ذوالفقار آباد کے علاقے نادر چوک میں خواتین اور بچوں نے پانی کی شدید قلت اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین سڑک پر جمع ہوئے، شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ علاقے کو فوری طور پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے خراب ٹرانسفارمر تبدیل یا نصب نہیں کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ بجلی بند ہونے سے پانی کی موٹریں بھی کام نہیں کر رہیں، نتیجتاً گھروں میں پانی دستیاب نہیں اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو چکی ہے۔

خواتین کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم دستیابی نے گھریلو امور کو مفلوج کر دیا ہے جبکہ بچوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ مسئلے کا فوری نوٹس لے کر بجلی کی بحالی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Share this content: