گلگت بلتستان میں فوڈ سے متعلق کاروبار کے لیے رجسٹریشن اور لائسنس فیس مقرر

گلگت / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان میں حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ خوراک نے فوڈ سے متعلق کاروبار کرنے والے تمام اداروں اور دکانوں کے لیے رجسٹریشن اور سالانہ تجدید فیس مقرر کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ اقدام جی بی فوڈ ایکٹ 2022 کی دفعات 12، 13 اور 30 کے تحت اٹھایا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور سرکاری و نجی دفاتر میں قائم کینٹینز کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے جبکہ سالانہ تجدید فیس 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ تھری اسٹار یا اس سے بڑے ہوٹلز کے لیے رجسٹریشن فیس ایک لاکھ روپے اور سالانہ تجدید فیس 20 ہزار روپے ہوگی، جبکہ 50 سے زائد نشستوں والے بڑے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 10 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

اسی طرح 50 سے کم نشستوں والے ہوٹلز، کیفے اور فاسٹ فوڈ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 25 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ شادی ہالز اور کانفرنس وینیوز کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 10 ہزار روپے ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپر سٹورز کے لیے رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے اور تجدید فیس 10 ہزار روپے، ریٹیل مارٹس کے لیے 25 ہزار روپے رجسٹریشن اور 5 ہزار روپے تجدید جبکہ جنرل سٹورز کے لیے 10 ہزار روپے رجسٹریشن اور 2 ہزار روپے سالانہ تجدید فیس مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح چکن، مٹن اور بیف شاپس، ڈیری شاپس اور سلاٹر ہاؤسز کے لیے رجسٹریشن فیس 15 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 5 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ پھل و سبزی فروش دکانوں کے لیے رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 3 ہزار روپے ہوگی، جبکہ بیکری اور مٹھائی کی دکانوں کے لیے بھی یہی فیس مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سڑک کنارے قائم ڈھابوں اور جوس کارنرز کے لیے رجسٹریشن فیس 5 ہزار روپے اور سالانہ تجدید 2 ہزار روپے ہوگی، جبکہ واٹر پلانٹس اور آر او یونٹس کے لیے رجسٹریشن فیس 30 ہزار روپے اور سالانہ تجدید فیس 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ خوراک نے تمام ڈپٹی فوڈ کنٹرولرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں فوڈ سے متعلق کاروبار کرنے والوں کو نوٹس جاری کریں اور انہیں تین دن کے اندر اندر ضلعی دفاتر کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت دیں۔ نوٹیفکیشن سیکرٹری فوڈ گلگت بلتستان کے حکم پر جاری کیا گیا ہے۔

Share this content: