امریکہ کی ایران کے جوہری مواد قبضے میں لینے کے طریقوں پر غور

بی بی سی کے امریکہ میں پارٹنر سی بی ایس نیوز کو متعدد ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے جوہری مواد کو محفوظ بنانے یا اسے قبضے لینے کے مختلف طریقوں پر کام کر رہی ہے۔

دو ذرائع نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ اس کام کے لیے جوائنٹ سپیشل آپریشنز کمانڈ کو استعمال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ ایک ایلیٹ ملٹری یونٹ ہے جسے اکثر انتہائی حساس آپریشنز کا کام سونپا جاتا ہے۔

ایک اور ذریعے نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک ایسی کسی کارروائی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے سی بی ایس کو بتایا کہ تیاریاں کرنا پینٹاگون کا کام ہے۔

خیال رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملوں کے آغاز کے بعد سے بارہا ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

امریکہ اور اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ایران جوہری بم تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کی ایران سختی سے تردید کرتا ہے۔

Share this content: