بلوچستان کے ضلع آواران اور ساحلی شہر گوادر میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
آواران کے علاقے کولواہ میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے خاتون اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ کولواہ کے علاقے چیری مالار میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں محمد عمر، ان کی اہلیہ فائزہ اور ان کی بیٹی ماہ زیب موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں محمد عمر کی بہو فہمیدہ سمیت کم از کم تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واقعہ کی مزید تفصیلات تک رسائی نہیں ہو سکی، جبکہ عسکری حکام کی جانب سے بھی اب تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے پلیری لنک روڈ پر فائرنگ کے ایک واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ واقعہ تھانہ صدر گوادر کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت غلام قادر ولد مراد بخش (ٹی ٹی سی کالونی گوادر)، ارشد ولد اباباگر (چابہار)، اور قمبر ولد بدل (ضلع کیچ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس گوادر کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
Share this content:


