ترکیہ نے 24 سال کے طویل انتظار کے بعد ایک بار پھر عالمی فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جس پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ترک خبر ایجنسی انادولو ایجنسی کے مطابق یورپی کوالیفائرز کے پلے آف فائنل میں ترکیہ نے کوسوو کو ایک کے مقابلے میں صفر سے شکست دے کر عالمی کپ میں جگہ پکی کی۔
فیصلہ کن مقابلے میں ترکیہ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دفاعی و جارحانہ کھیل کے توازن کے ساتھ حریف ٹیم کو قابو میں رکھا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول ترکیہ کے کھلاڑی نے اسکور کیا، جس نے ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔
ترکیہ کی یہ کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے قبل وہ آخری بار 2002 میں ورلڈ کپ میں شریک ہوا تھا، جہاں اس نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔
کوالیفکیشن کے بعد دارالحکومت انقرہ، استنبول اور دیگر شہروں میں شائقین سڑکوں پر نکل آئے، قومی پرچم لہرا کر اور نعرے لگا کر اپنی ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا۔
فٹبال ماہرین کے مطابق ترکیہ کی یہ واپسی نہ صرف یورپی فٹبال میں اس کی مضبوط موجودگی کی علامت ہے بلکہ آئندہ ورلڈ کپ میں ایک دلچسپ مقابلے کی نوید بھی ہے۔
Share this content:


