کویت اور متحدہ عرب امارات پر ایران کے تازہ حملے،آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی

جمعہ کی صبح سویرے ایران کی متعدد ڈرون حملوں کے بعد کویت کی ایک اہم منا الاحمدی آئل ریفائنری کے بعض حصوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

تاہم اس حملے میں انتظامیہ کی جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

منا الاحمدی ریفائنری جو مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی ریفائنریوں میں سے ایک ہے روزانہ تقریباً تین لاکھ 46 ہزار بیرل تک تیل صاف کرنے یا ریفائن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کویت میں تین بڑی آئل ریفائنریاں ہیں۔ پانچ ہفتوں پر مشتمل تنازع کے دوران منا الاحمدی ریفائنری کو اس سے پہلے بھی دو بار ایرانی ڈرونز نے نشانہ بنایا تھا۔

کویت پیٹرولیم کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ہنگامی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں ریفائنری کے 39 آپریشنل یونٹس میں سے بعض میں لگی آگ پر قابو پانے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

بیان میں مزید کہا کہ متاثرہ علاقے میں ہوا کے معیار کی نگرانی کی جا رہی ہے اور اب تک مقامی ماحول پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مُلک کو میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے نئے میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔

وزارت نے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’مُلک کا فضائی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے اور انھیں تباہ کرنے میں مصروف ہیں۔‘

امارات کا کہنا ہے کہ ملک کے بعض حصوں میں سنائی دینے والی آوازیں انہی حملوں کو روکنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔

Share this content: