ایران پر حملوں میں ہزاروں بچے متاثر ہیں ، ایمرجنسی سربراہ کا چونکا دینے والا انکشاف

ایران کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ جعفر میادفر نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں کم عمر بچے متاثر ہوئے ہیں، جن میں ہزاروں زخمی شامل ہیں۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی خبررساں ایجنسی مہر نیوز ایجنسی کو دیے گئے بیان میں جعفر میادفر نے بتایا کہ حملوں میں 18 سال سے کم عمر 2,115 بچے زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی بچوں میں 124 بچوں کی عمر پانچ سال سے کم جبکہ 24 بچوں کی عمر دو سال سے بھی کم ہے۔یہ اعداد و شمار حملوں کے انسانی پہلو کو مزید سنگین بنا دیتے ہیں، جہاں کم سن بچے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔

ایمرجنسی سربراہ کے مطابق مجموعی طور پر زخمی ہونے والوں کی تعداد 5,000 سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

حکام کے مطابق حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبوں میں تہران،خوزستان،لرستان،اصفہان،کرمانشاہ اور ایلام شامل ہیں۔

تازہ اعداد و شمار نے ایران میں جاری صورتحال کو ایک سنگین انسانی بحران کی شکل دے دی ہے، جہاں شہری آبادی، خصوصاً بچے اور خواتین، براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایسے حملے نہ صرف بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ طویل المدتی انسانی اور نفسیاتی اثرات بھی مرتب کرتے ہیں۔

Share this content: