غذر/ کاشگل نیوز
ہندور میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور غیر اعلانیہ بندشوں کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
مظاہرین کے مطابق بجلی کی مسلسل بندش کے باعث نہ صرف گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جس سے عوام کو دوہری اذیت کا سامنا ہے۔
اس موقع پر حق پرست رہنما اور جی بی ایل اے کے امیدوار برائے یاسین سمال، اسلم انقلابی نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس دوران بجلی کی صورتحال بہتر نہ بنائی گئی تو عوام کے ہمراہ طاوس کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اور اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاجی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
Share this content:


