گلگت بلتستان : سیاسی تنظیم کا امن و امان کی صورتحال پر اظہارِ تشویش، گرفتاررہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ

گلگت / کاشگل نیوز

نیشنل ورکرز فرنٹ گلگت بلتستان نے خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں تنظیم نے کہا کہ ایک طرف دہشت گرد عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس اہلکاروں کوقتل کر کے باآسانی فرار ہو جاتے ہیں، جبکہ دوسری جانب عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ سمیت دیگر سیاسی و عوامی رہنماؤں کو محض بنیادی انسانی حقوق کے مطالبے پر شیڈول فورتھ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ طرزِ عمل انصاف اور قانون کی بالادستی کے اصولوں کے منافی ہے۔

تنظیم نے ریاستی مشینری اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ احسان علی ایڈوکیٹ سمیت تمام گرفتار رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

نیشنل ورکرز فرنٹ نے مزید کہا کہ ایف سی، رینجرز اور دیگر سکیورٹی ادارے اپنی توانائیاں عوام کو بےجا تنگ کرنے کے بجائے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں پر مرکوز کریں جو معصوم شہریوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔

بیان کے آخر میں خبردار کیا گیا کہ اگر عوام کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ اپنی حفاظت خود کرنے پر مجبور ہوں گے، جس سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

Share this content: