روندو میں نوجوان رہنما کی مبینہ ہراسانی پر جی بی یونائیٹڈ موومنٹ کا سخت ردعمل

روندو/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان میں گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ نے روندو انتظامیہ کی جانب سے نوجوان رہنما اور ڈویژنل صدر ناظم حسین برق کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ناظم حسین برق، جو عوامی ایکشن کمیٹی روندو کے متحرک رہنما بھی ہیں، کو ٹیکس سے متعلق بیان دینے پر تھانے طلب کیا گیا جہاں ان پر مبینہ دباؤ ڈالا گیا اور ایف آئی آر درج کر کے جیل بھیجنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انتظامیہ کی جانب سے ناظم برق اور دیگر نوجوانوں کو بلاجواز تنگ کرنا قابل تشویش ہے اور اس عمل کو فوری طور پر روکا جائے۔ یونائیٹڈ موومنٹ کے مطابق عوامی مسائل پر آواز اٹھانا ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے، جسے دبانے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

تنظیم نے واضح کیا کہ ناظم حسین برق کو ہراساں کرنا عوامی حقوق کی جدوجہد کو کمزور کرنے کی کوشش ہے، تاہم ایسے ہتھکنڈوں سے نوجوانوں اور عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔

سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Share this content: