پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے اطلاعات ہیں کہ پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران مارٹر گولے آبادی کے قریب گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ضلع ہنگو اور ضلع اورکزئی کے سرحدی علاقوں زرگری، شناوری اور دورڑی بانڈہ میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر دو روز سے آپریشن کیا جا رہا تھا۔
ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران مسلح افراد کی جانب سے مارٹر گولے آبادی میں گرے ہیں جس سے چھ افراد کی جان چلی گئی جبکہ 13 افراد زخمی ہیں۔
ڈپٹی کشنر گوہر زمان وزیر نے بتایا ہے کہ مارٹر گولے دورڑی بانڈہ بازار میں گرنے سے سول آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔
ہنگو سے ایک نوجوان مختیار نے بتایا کہ ایک گولہ ان کے علاقے میں گرنے سے ان کے چچا کی جان چلی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ہنگو نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
Share this content:


