طلبہ یونین الیکشن کے اعلان کےبعد یونیورسٹی کا کیمپس بند کرنے کا اعلان

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی مرکزی درسگاہ یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر میں طلبہ یونین انتخابات کے معاملے پر صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔

جامعہ انتظامیہ نے 17 مئی 2026 کو جاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن میں 18 مئی سے 22 مئی 2026 تک جامعہ میں آن لائن کلاسز کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کیمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دوسری جانب طلبہ رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ یونین انتخابات ہر صورت منعقد کیے جائیں گے۔

جامعہ انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ “کچھ ناگزیر حالات” کے باعث یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر میں پیر 18 مئی سے جمعہ 22 مئی تک تمام کلاسز آن لائن ہوں گی، تاہم دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن کلاسز کے مؤثر انعقاد کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

ادھر طلبہ تنظیموں اور یونین انتخابات میں حصہ لینے والے طلبہ رہنماؤں نے جامعہ کی اچانک بندش کو انتخابات روکنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔

طلبہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یونین انتخابات کا عمل جاری رہے گا اور تمام امیدوار صبح مقررہ وقت پر اپنے اپنے پینلز کے کاغذات الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں گے۔

ذرائع کے مطابق جامعہ کے اچانک بند کیے جانے کے فیصلے پر طلبہ کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آنے کا امکان ہے اور مختلف طلبہ گروپ جلد اپنا لائحہ عمل اور باضابطہ مؤقف پیش کریں گے۔

جامعہ میں اس وقت سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے جبکہ طلبہ حلقوں میں یہ معاملہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل جامعہ کشمیر سٹی کیمپس میں طلبہ کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے اپنے بل بوتے پر طلبہ یونین انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد سے جامعہ میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر تھیں۔

Share this content: