معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی گئی

اسلام آباد / کاشگل نیوز

پاکستان میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی، جبکہ عدالت نے مجموعی طور پر 30 سال قید اور 24 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی عائد کی۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد افضل مجوکہ نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا، لہٰذا ملزم کو قتل کے جرم میں سزائے موت دی جاتی ہے۔

عدالت نے ملزم کو مقدمے کی دیگر دفعات کے تحت بھی الگ الگ سزائیں سنائیں۔ فیصلے کے مطابق ڈکیتی کی دفعات کے تحت 10 سال جبکہ گھر میں گھسنے کی دفعات کے تحت بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ دیگر دفعات کے تحت بھی ملزم کو سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں ملزم کی کال ریکارڈنگ، موبائل فون ڈیٹا اور چیٹ کے اسکرین شاٹس بطور شواہد پیش کیے گئے۔ استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈیجیٹل شواہد اور دیگر ثبوت ملزم کے جرم میں ملوث ہونے کو ثابت کرتے ہیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد کیس نے ایک بار پھر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں خواتین سوشل میڈیا شخصیات کے تحفظ اور آن لائن ہراسانی جیسے مسائل پر بھی بحث جاری ہے۔

Share this content: