کوٹلی / کاشگل نیوز
پاکستان زیر انتظام کوٹلی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد کے ہلاک اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ دو گھنٹوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین اپنے مطالبات اور حقوق کے حق میں سڑکوں پر نکلے تھے، جہاں حالات کشیدہ ہونے کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف طبی مراکز منتقل کیا جا رہا ہے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے سرکاری سطح پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب میرپور ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آنے والے قافلوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ راستے میں موجود رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے کوٹلی کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کا حتمی مقصد مظفرآباد پہنچ کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوٹلی میں صورتحال بدستور خراب ہے اور مختلف مقامات پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
Share this content:


