کشمیر میں مکمل لاک ڈائون ،ریاست بھر میں فورسز کے مورچے قائم ،اشیائے خوردو نوش کی شدید قلت

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پہیہ جام شٹر ڈاون ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے ۔

دارالحکومت مظفرآباد سمیت خطے کے دیگر شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔5اور چھ جون کی شب سے بند ہونے والی انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے۔

دارالحکومت مظفرآباد کے مختلف مقامات پر مقامی پولیس کے ساتھ ایف سی اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار تعینات ہیں۔

پولیس کی جانب سے سیمنٹ کی بوریوں میں ریت بھر کر شہر کے مختلف مقامات پر عارضی مورچے بنائے جا رہے ہیں۔

مظفرآباد میں شام سات بجے تک کسی قسم کے ناخوشگوار کے رپورٹ ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

دوسری جانب خطے میں شہریوں کو اشیائے خوردو نوش اور پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا ہے۔

ضلع حویلی کے مقامی صحافی جمیل صدیقی کے مطابق ضلع حویلی میں بازاروں میں نہ آٹا دستیاب ہے نہ پٹرول، شہری اگر کئی اشیائے خوردو نوش کی تلاش میں نکلیں بھی تو پیٹرول دستیاب نہیں جس کے باعث وہ پیدل کئی کئی میل کا سفر طے کرنے پر مجبور ہیں ۔ مظفرآباد کے شہری اشیائے خوردونوش کے لیے مانسہرہ کی تحصیل گھڑی حبیب اللہ کا رخ کر رہے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی جانب سے جیک کے کورممبر راجہ صہیب جاوید کے گھر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے ۔

عینی شاہدین نے دعویٰ کیاکہ ان کے گھر کے ساتھ ساتھ مقامی میڈیا ہائوس پر پولیس کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گی جس کے واضح نشانات موجود ہیں۔

Share this content: