باغ: جے کے پیپلز نیشنل پارٹی کی ضلعی صدر سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج

باغ / کاشگل نیوز

پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری عوامی تحریک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت کے الزام میں جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی ضلع باغ کی ضلعی صدر سلمیٰ حمید اور ان کے متعدد ساتھیوں کے خلاف تھانہ باغ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد بعض کارکنان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد کے بارے میں بھی کارروائی جاری ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب عوامی حلقوں، سیاسی کارکنان اور احتجاجی مظاہرین نے اس اقدام کو اختلافی آوازوں کو دبانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمات اور گرفتاریوں کے ذریعے عوامی مطالبات یا سیاسی آوازوں کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق اور سیاسی آزادیوں کے لیے جاری جدوجہد ہر قسم کے دباؤ کے باوجود جاری رہے گی۔

علاقے میں صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے اس پیش رفت پر ردِعمل سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Share this content: