ایکشن کمیٹی کا 23 جون تک ڈیڈ لائن کا اعلان، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمر نذیر کشمیری

راولاکوٹ/ کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا ہے کہ تین روزہ مشاورت کے بعد کمیٹی نے 8 محرم الحرام، 23 جون بروز منگل تک ڈیڈ لائن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے کوششیں کرنے والے تمام علمائے کرام کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی بامقصد مذاکرات کے لیے پہلے بھی تیار تھی اور آج بھی تیار ہے۔

اپنے ایک بیان میں سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا کہ تحریک کے کارکنان اور عوام اپنے رب پر کامل بھروسہ رکھیں اور کسی قسم کی مایوسی کا شکار نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات کے باعث عوام کے دل زخمی ہیں، تاہم اس کے باوجود تحریک امن، برداشت اور استقامت کا پیغام دے رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے تسلیم شدہ مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور ان مطالبات کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں اور دھرنوں میں بھرپور قوت کے ساتھ شرکت یقینی بنائیں۔

سردار عمر نذیر کشمیری کا کہنا تھا کہ تحریکیں قربانیوں کا تقاضا کرتی ہیں اور اس مقصد کے لیے کارکن ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد، نظم و ضبط اور پرامن جدوجہد ہی تحریک کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔

Share this content: