انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اتوار کی شب افغانستان پر کیے گئے پاکستان کے فضائی حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔
29 جون کو جاری کیے گئے بیان میں پاکستان کے حملوں کو ’کھلی جارحیت، افغانستان کی خود مختاری پر حملہ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے۔
پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اتوار کی شب ’مستند انٹیلیجنس اطلاعات‘ کی بنیاد پر پاکستانی فورسز نے افغانستان کے علاقوں پکتیکا، پکتیا اور کنڑ میں جماعت الاحرار اور تحریک طالبان پاکستان سے منسلک تین اہداف کو نشانہ بنایا اور 25 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
تاہم افغان طالبان کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے فضائی حملوں میں سویلین علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 36 افراد ہلاک جبکہ 163 زخمی ہوئے ہیں۔ افغان طالبان کا دعویٰ ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام عام شہری ہیں۔
انڈین وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق: ’انڈیا اپنے عزیزوں کو کھونے والے افغان خاندانوں سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ انڈیا ’افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔‘
افغانستان میں پاکستان کے حملوں پر اپنے بیان میں انڈین وزارت خارجہ نے مزید کہا: ’یہ پاکستان کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویے اور اپنی داخلی ناکامیوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کے لیے سرحد پار تشدد کا سہارا لینے کی ناکام کوشش کی عکاسی کرتا ہے۔‘
Share this content:


