کشمیر بھرمیں احتجاجی مظاہرے، ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال پر ہفتہ کے روز مختلف اضلاع اور شہروں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔

احتجاجی مظاہروں میں خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے بھمبر، سماہنی، ڈڈیال، اسلام گڑھ، میرپور، کوٹلی، کھوئی رٹہ، تتہ پانی، ہجیرہ، کھائی گلہ، تھوراڑ، منگ، ریڑھ، بیرپانی، سدھن گلی، مظفرآباد، جہلم ویلی، نیلم سمیت متعدد علاقوں میں ریلیاں اور مظاہرے کیے۔ کئی مقامات پر شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اطلاعات کے مطابق متعدد شہروں میں احتجاجی ریلیاں مرکزی شاہراہوں سے گزریں جبکہ مختلف مقامات پر عوام سے خطاب بھی کیا گیا۔ مجموعی طور پر احتجاجی مظاہرے پرامن رہے، تاہم بعض علاقوں میں ٹریفک کی روانی عارضی طور پر متاثر ہوئی۔

واضح رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی اس احتجاجی کال پر آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جسے حالیہ عرصے کے بڑے عوامی احتجاجوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

Share this content: