لاہور اور کراچی میں پی ٹی آئی کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد کارکنان حراست میں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آج لاہور اور کراچی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں پریس کلب کے اطراف پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا، جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا جبکہ کئی افراد کو گرفتار کرکے مختلف مقامات پر منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب لاہور میں ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس نے کارکنان اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران متعدد کارکنان کو حراست میں لیا گیا جبکہ رکنِ پنجاب اسمبلی اویس ورک کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ایوانِ عدل کے باہر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تناؤ کی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احتجاجی شرکا کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی۔

ادھر پی ٹی آئی رہنماؤں نے لاہور اور کراچی میں ہونے والی پولیس کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں پرامن احتجاج کے حق پر قدغن اور سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔

Share this content: