ایک نئے عہد کو نئے پیمان کی ضرورت ہے

تحریر: حبیب الرحمٰن

ریاستِ جموں و کشمیر کے وسیع تر کچلے ہوئے عوام، طلبہ اور نوجوانو!

آپ کی جدوجہد اور لڑائی ، سماج سے فکری ابہام کے خاتمے کی لڑائی ہے۔ جاگیردارانہ باقیات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی لڑائی ہے۔ غاصبوں اور ان کی گماشتہ قوتوں کو بے نقاب کرنے کی لڑائی ہے۔ بنیادی انسانی ضروریات ،تعلیم، روزگار اور صحت کی بہترین سہولیات کے حصول کی لڑائی ہے۔

قومی وسائل کی لوٹ مار کو روکنے کی لڑائی ہے۔ قومی و طبقاتی جبر کے مکمل خاتمے کی لڑائی ہے۔

لیکن اس کے برعکس، غاصب و قبضہ گیر (پاکستان) کی آپسی کشمکش اور ان کے گماشتوں کی حکمتِ عملی نے پاکستانی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی توجہ بنیادی اور اصل مسائل سے ہٹا کر مصنوعی اور غیر متعلقہ مسائل پر لگا رکھی ہے۔

ریاست کے قدرتی وسائل پانی، معدنیات اور جنگلات کی بے رحمانہ لوٹ مار مسلسل جاری ہے۔بے روزگاری اور غربت نے عوام کی فکر و سوچ کے سوتے خشک کر رکھے ہیں۔ایسے سنگین حالات میں وسیع تر عوام بیگانگی کا شکار ہو کر محض تماشائی بن چکے ہیں۔

حکمران طبقے کی سیاسی جماعتیں عوام کو قبیلہ پرستی اور مذہبی تعصبات میں الجھا کر ‘تقسیم کرو اور حکومت کرو’ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔قوم پرستی پسماندہ شعور اور قبیلائی نفسیات کی وجہ سے دن بہ دن تحلیل ہو رہی ہے۔

ان ناگفتہ بہ حالات میں محنت کش عوام کے نظریے کی نمائندہ جموں کشمیر پی این پی (JKPNP) نظریاتی و سیاسی محاذ پر کٹھن اور مشکل ترین حالات میں اندرونی و بیرونی رکاوٹوں کا ثابت قدمی سے مقابلہ کر رہی ہے۔ یہ نہ صرف اپنے نظریے کے جوہر کی محافظ ثابت ہوئی ہے، بلکہ سائنسی تجزیات کی روشنی میں فکری جمود کو توڑنے کا تاریخی فریضہ بھی سرانجام دے رہی ہے۔

اس لیے آئیے!

جموں کشمیر پی این پی کا حصہ بنیے۔ اس کے سائنسی تجزیات کا باریک بینی سے جائزہ لیجیے اور جدوجہد کا درست راستہ اختیار کیجیے۔ جو جس کی غلامی میں ہے، وہ اس کے خلاف جدوجہد کرے کے بنیادی اور انقلابی اصول کو سمجھتے ہوئے قومی و طبقاتی جبر سے نجات کی جدوجہد کو منظم کیجیے۔

غاصبوں اور ان کے گماشتوں کا ایندھن بننے کے بجائے وسیع تر عوام کی حقیقی نمائندگی کیجیے ۔ قبیلائی تعصبات جیسے پسماندہ ابہام سے نکل کر قومی سوچ اپنائیے اور قومی و طبقاتی جبر سے نجات کا درست راستہ اختیار کیجیے۔ وہ درست راستہ صرف جموں کشمیر پی این پی کا راستہ ہے، جس کا انتخاب اس سماجی معروض کے درست اور سائنسی تجزیے کے بعد کیا گیا ہے۔

آئیے! اپنی توانائیاں، اپنا قیمتی وقت اور وسائل غاصبوں اور ان کے گماشتوں کا ایندھن بنانے کے بجائے، ایک آزاد دنیا اور قومی و طبقاتی جبر سے نجات کی اس عظیم و مقدس جدوجہد میں صرف کریں۔

نوٹ: (یہ تحریر 11 اگست 2024 کو لکھا گیاہے ہم اسے جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں کاشگل نیوز میں شائع کر رہے ہیں۔ادارہ)

٭٭٭

Share this content: