پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے علاقے باغ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور صبح و شام کے اوقات میں وولٹیج میں کمی کیخلاف سیٹیزن رائٹس فورم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے نمازوں کے اوقات میں بجلی کی بندش اور وولٹیج میں کمی کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی ۔
مظاہرے کے دوران مظاہرین نے حکومت کو بجلی کا نظام درست کرنے کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔
زمان چوک باغ میں احتجاجی مظاہرے سے سیٹیزن رائٹس فورم باغ کے صدر سید فاروق شاہ ، انجمن تاجران کے صدر سردار افتخار محمود ، میونسپل کونسلر شجاع محمود ایڈووکیٹ ، سید مدثر گردیزی ، نائب صدر انجمن تاجران پونچھ ڈویژن عمران بانڈے ، سید عباس شاہ اور دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا شہریوں کو عوامی ایکشن کمیٹی کی راہ پر چلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ، آزاد کشمیر میں بجلی سستی ہونے کے بعد جان بوجھ کر عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں میں نفرت پیدا ہو۔
مقررین نے کہا کہ اس وقت بجلی کی کل ضرورت 400 میگاواٹ ہے جبکہ آزاد کشمیر کے صارفین کو 150 میگاواٹ سے بھی کم بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیک ٹائم میں جان بوجھ کر گرڈ اسٹیشن سے وولٹیج کم کر دی جاتی ہے جس سے تاجر ، طلباء اور عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے حکومت کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کا نظام درست کیا جائے ورنہ حکومت کے خلاف سخت احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیں گے ۔