بنگوئیں : نمائندہ کاشگل
پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بنگوئیں میں سول سوسائٹی اور انجمن تاجران فاروق آباد کے زیر اہتمام منشیات سے آگاہی کے لئے واک اور ریلی نکالی گئی۔
نماز جمعہ کے بعد لوگوں نے پورے بازار کا چکر لگایا اور مقررین نے لوگوں کو منشیات فروشی اور نوشی کے نقصانات و تباہی کے حوالے پہ آگاہی دی ۔
صدر انجمن تاجران سردار عتیق احمد نے کہا کہ ہمیں اپنے اردگرد نظر رکھنی ہو گی کہ کون کون لوگ اس کام میں ملوث ہیں ،ان کا قلع قمع کرنا ہم سب کی ذمّہ داری ہے۔
ڈاکٹر فہیم نسیم نے کہا کہ ہم انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے ۔
فہیم معاویہ نے کہا کہ ووٹ دیتے وقت آئندہ ہمیں احتیاط کرنی ہو گی کہ ہم ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو ہماری نسلوں کو اس ناسور سے بچا سکیں ۔
پیر عبد القادر نے کہا کہ سکول کالج اور یونیورسٹی کے بچوں کو اس طرف لگایا جا رہا ہے ،انتظامیہ کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے کہ ہمارے آنے والی نسلیں اس گناہ سے محفوظ رہیں ۔
سردار واجد صبور نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے وقت میں ہم ہر محلے کی سطح پر ایسے پروگرام کر کے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں گے کہ نشہ کتنی بڑی لعنت ہے اوراس سے کیسے اپنی آنے والی نسلوں کو بچانا ہے۔
مولانا آفتاب کاشر نے کہا کہ ہمیں دین اسلام کی طرف اپنے آپ کو لانا ہو گا تب ہی جا کر ہم منشیات اور باقی گناہوں سے بچ سکتے ہیں ۔
اس کے علاوہ مولانا رشید احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور منشیات کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دی۔