جموں کشمیر : نمائندہ کاشگل نیوز
پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میںتھوراڑ قتل کیس کامرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
تھوراڑ کے نواحی علاقے بھالگراں نمب دھمنوٹہ کے مقام پر مقامی نوجوان عبد القادر ولد ممتاز حسین سکنہ نمب سردی بھالگراں کے قتل کا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے ساتھیوں کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس ملزم سے قتل میں استعمال ہونے والی چیزیں اور موبائل فون برآمد کرنے کے لیے پر امید ہے، قبل ازیں مقتول کی تشدد شدہ لاش شیڈ سے برآمد ہونے کے بعد اسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی تھی جس کی تدفین کر دی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تھوراڑ قتل کیس واقعی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جہاں انسانی احساسات اور اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر دی گئیں۔ مرکزی ملزم یاسر آزاد نے جو کچھ کیا، وہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ انسانیت کے معیار کو بھی شرمندہ کر گیا۔
انہوںنے کہا کہ ایک شخص جو قتل کا مرتکب ہو اور پھر مقتول کے گھر والوں کے سامنے ان کی تسلی کے لیے کھڑا ہو، ان کے غم میں شریک ہونے کا دکھاوا کرے، اور خود مقتول کی قبر بھی کھودے،ایسا عمل انسانی نفسیات کے تاریک ترین پہلو کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کیس سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ مجرم نے جدید ٹیکنالوجی اور قانون کی گرفت کو بالکل ہلکا لیا تھا۔ یہ ان لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو سمجھتے ہیں کہ جرم چھپایا جا سکتا ہے۔