باغ : نمائندہ کاشگل نیوز
پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے پونچھ میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان راجہ حبیب نے کہا ہے کہ اس وقت پارٹی کو سخت مواقف رکھنے والے کارکنان کی اگلی صفوں میں سخت ضرورت ہے جس کے پیش نظر عمران خان صاحب نے بڑے اہم تنظیمی فیصلے کیے ہیں ۔
خیبر پختونخواہ میں علی امین گنڈا پور سے صوبائی صدر کا عہدہ واپس لے لیا گیا ہے اور ان کی جگہ جنید اکبر خان جیسی مزاحمتی اور نظریاتی شخصیت کو یہ عہدہ سونپا گیا ہے۔ کے پی کی صوبائی تنظیم میں مزید تبدیلیوں کے امکانات بھی موجود ہیں ۔
پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پہ تنظیم نو کی ضرورت ہے جس پہ جلد تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ ۔ عالیہ حمزہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گی جنھیں کچھ ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔
عمران خان نئی صف بندیاں کر رہے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اب تحریک کو اگلے مرحلے کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔ یہ صف بندیاں یا تو نئے مزاحمتی دور کےلیے ہیں یا پھر الیکشن کی تیاریوں کے تناظر میں ۔ ہر دو صورتوں میں متحرک چہروں کی اشد ضرورت ہے جس کےلیے تنظم نو وقت کی ضرورت ہے ۔
میرے تجزیے کے مطابق آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں کٹر نظریاتی کارکنان کو نئی تنظیم سازی میں کمانڈ دی جاے گی۔