مظفرآباد( نمائندہ کاشگل نیوز)
پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر کے اسپیکر اسمبلی کے قافلے پہ فائرنگ کا معاملہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا گیا جہاں ملزمان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
واضع رہے کہ 27 جنوری کواسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر مظفرآباد میں حملہ ہوا ہے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔
چوہدری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب مظفرآباد کے نواحی علاقہ کھاوڑہ میں ایک سیاسی میٹنگ میں جا رہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی تھی۔
نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں اسپیکر چوہدری لطیف اکبر محفوظ رہے تاہم اس حملے میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
جموں کشمیر کے وزیر خزانہ ماجد خان نے کہا ہے کہ کابینہ اجلاس میں اسپیکر پر حملے کے معاملہ کو تفصیل سے زیر بحث لایا گیااور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اپنی استعداد کار کے مطابق عمل کر رہی ہے۔واقع میں ملوث ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوںنے کہا کہ اسپیکر اسمبلی پارلیمان کو کسٹوڈین ہوتا ہے،انکی آئینی حیثیت ہے،ہر ممبر اسمبلی کو انکی آئینی حیثیت کے مطابق عزت دینا فرض ہے ۔
ماجد خان نے مزید کہا کہ آئی جی آزاد کشمیر کو ہدایت دی ہے کہ اسپیکر اسمبلی کے تحفظات کو دور کریں ۔اسپیکر کی آئینی حیثیت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔