مظفر آباد: اپوزیشن لیڈرسے تحریک جوانان وفد کی ملاقات،عوامی حق حکمرانی کو ممکن بنانے پر زور

 

پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیرکے دارلحکومت مظفر آباد میں تحریک جوانان کشمیر کی ایک وفد نے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سے اس کے اپوزیشن چیمبر میں ملاقات کی اور عوامی حق حکمرانی کو ممکن بنانے پر زوردیا۔

تحریک جوانان کشمیر کے وفد کی قیادت مرکزی صدر سردار اجمل مغل نے کی جبکہ دیگر افراد میں مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ زاہد خان ، سینئر نائب صدر سردار راشد شاہین ، ڈویژنل صدر سردار طارق محمود جنجوعہ ، صدر اوورسیز ایمپلائمنٹ حمزہ عباسی ، عجب علی نقوی سینئر نائب صدر ضلع مظفرآباد ، محمد صادق چوہان ڈپٹی جنرل سیکرٹری ضلع مظفرآباد اور کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا تحریک جوانان کشمیر راجہ یاسر خان شامل تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حق حکمرانی کے لیے ہر ممکن طریقے سے جاندار کردار ادا کیا ہے کیونکہ یہ آئینی ضرورت ہے ۔

بحیثیت اپوزیشن لیڈر تمام جماعتوں سے خود رابطے کر کے حکومت کو راہ راست پر لانے کی کوششیں کر رہا ہوں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک جوانان کشمیر کے صدر سردار اجمل مغل نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مضبوط اور متحرک اپوزیشن جمہوریت کی روح ہے اس لیے ہم نے اپوزیشن چیمبر تشریف لا کر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ آزاد کشمیر سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ تحریک آزادئ کشمیر کا بیس کیمپ بھی ہے اس لیے تحریک آزادئ کشمیر کے لیے روڈ میپ بنانا ہماری بنیادی مقصد ہونا چاہئے ۔

تحریک جوانان کشمیر کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ زاہد خان نے کہا کہ عوام کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادئ کشمیر کے لیے روڈ میپ سے بڑھ کر انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم کشمیری بہت بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن آن بورڈ کرنے کے لیے واضح میکانزم ابھی تک نہ بنانا مایوسیوں کو جنم دے رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کشمیر کے راجوری ضلع میں پراسرار اموات پر آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے جس پر اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے یقین دلایا کہ وہ اسمبلی میں اس معاملے پر واضح موقف اختیار کریں گے ۔

سینئر نائب صدر سردار راشد شاہین نے اس امر پر توجہ دلائی کہ آزاد کشمیر میں سیاسی تلخیاں ایک طرف تو آزاد کشمیر میں سیاسی رواداری کو نقصان پہنچا رہی ہیں دوسری طرف تحریک آزادئ کشمیر کے لیے بھی زہر قاتل ہیں بلکہ جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہیں ۔

آخر میں تحریک جوانان کشمیر کی قیادت نے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد کو اپنا منشور پیش کیا جس سے آزاد کشمیر میں گورننس بہتر کرنے کے لیے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے