کوٹیڑہ مست خان: ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات و کچرہ تلفی پر آگاہی واک

باغ ( نمائندہ کاشگل نیوز)

سماجی تنظیم سٹوڈنٹس ویلفئیر ایجوکیشنل ریلیف ایسوسی ایشن (سویرا) کے زیر اہتمام کوٹیڑہ مست خان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور کچرا ٹھکانے لگانے کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔

واک کا اہتمام گائوں کے تمام تعلیمی اداروں ، گورنمنٹ بوائز اوت گرلز مڈل سکول ، مکتب سکول کوٹیڑہ ، ریڈ فاونڈیشن سکول اور چنار آئیڈیل اکیڈمی کوٹیڑہ مست خان کے تعاون سے کیا گیا۔

مذکورہ اداروں کے اساتذہ اور بچوں نے اس سرگرمی میں بھرپور شرکت کی۔

واک کا آغاز گول مسجد برتھال سے ہوا ۔

واک کے آغاز پر صدر سویرا صدر معلم (ر) سردار رمضان خان اور ادارہ جات کے ذمہ داران کی جانب سے بچوں کو واک کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں طریقہ کار وضع کرنے کے بعد واک کا آغاز ہوا۔

واک کے دوران بچوں اور اساتذہ نے مل کر علامتی صفائی کی سرگرمی کی۔ تاکہ عوام الناس اور واک کے شرکاء میں کچرا مناسب طریقہ سے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے احساس ذمہ داری اجاگر کیا جا سکے۔

بچوں نے جوش و جذبے کے ساتھ اس سرگرمی میں حصہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ وہ اپنے گھر ، سکول اور راستوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

سویرا کے صدر نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے تمام اداروں کے سربراہان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سماجی اور شہری ذمہ داری کی اہمیت کے حامل کام کے لیے بچوں کو تیار کیا اور خود بھی اس میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے جو اثرات ہم دیکھ رہے ہیں ان میں بڑا کردار ہماری ایسی چھوٹی لاپروائیوں کا ہے جن کی وجہ سے قدرت کے عوامل بارشیں اور موسم اپنے معمولات سے ڈسٹرب ہوئے جس کے نتائج ہم پانی کی کمی اور بارشوں کے نہ ہونے کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک اس ذمہ داری کا احساس کرے کہ ماحول میں کچرا نہ پھیلے، درختوں کی حفاظت ہو اور پانی ذمہ داری سے استعمال ہو تو خدا ہمیں یہ نعمتیں بڑھا چڑھا کر دے گا۔

سربراہان ادارہ جات نے بھی بچوں کو اس موضوع پر متحرک رہنے پر گفتگو کی۔

آخر میں دعا سے واک کا اختتام کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے