باغ(کاشگل نیوز )
باغ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، پانی کی عدم فراہمی اور کمیونٹی ھال کی نیلامی کے خلاف سیٹیزن رائٹس فورم کا احتجاجی مظاہرہ
، مظاہرین نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے ، حکومت کی طرف سے شہر کو نظر انداز کرنے کے خلاف شدید احتجاج ، مظاہرین نے محکمہ برقیات ، محکمہ پبلک ہیلتھ کیخلاف نعرہ بازی کی ، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیٹیزن رائٹس فورم باغ کے صدر سید فاروق شاہ گردیزی نے کہا کہ حکومت باغ کے شہریوں سے جان بوجھ کر سہولیات چھین رہی ہے ، شہر کے مضافات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سرے سے نہیں کی جا رہی مگر شہر میں ہر گھنٹے بعد بجلی بند کر دی جاتی ہے، شہر میں نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا اعلان کیا گیا تھا مگر جب ٹرانسفارمر آتے ہیں تو وہ من پسند لوگوں کو دے دیئے جاتے ہیں ، شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ، محکمہ آب رسانی ہفتے میں ایک بار چند منٹ کیلئے پانی کھولتا ہے ، کمیونٹی ھال باغ جو شہریوں کی سہولت کیلئے تعمیر کیا گیا تھا بلدیہ باغ نے 7 لاکھ 2 ہزار ماہانہ پر کرائے پر دیدیا ہے ، احتجاجی مظاہرے سے میونسپل کونسلر شجاع محمود ایڈووکیٹ ، چوہدری عابد ، رفیق میر ،مدثر گردیزی ، سید کاظم شاہ ، خواجہ شبیر شمیم اور دیگر نے خطاب کیا ۔
مقررین نے کہا کہ آج کا ہمارا ٹوکن احتجاج تھا جو متعلقہ اداروں کو نظام بہتر کرنے کی ایک وارننگ تھی ، حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو آئندہ سخت گیر احتجاج اور دفاتر کے گھیراؤ کی کال دیں گے ۔