عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کا 27 فروری کو گلگت سے دیامر لانگ مارچ کا اعلان

گلگت(نمائندہ کاشگل نیوز)

 

عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے 27 فروری کو گلگت سے دیامر لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس مرکزی چیئرمن احسان ایڈووکیٹ کی صدارت میں گلگت میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں دیامر میں جاری احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ دیامر کی عوام نے پکارا ہے اب عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان پوری قوم کو لیکر دیامر کی طرف اپنا رخ کریگی اور 27 فروری کو گلگت سے دیامر کی طرف تاریخی لانگ مارچ کیا جائے گا۔

مرکزی چیئرمن احسان ایڈوکیٹ نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں ، بزرگوں اور طلبا سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی مارچ میں شامل ہوجائیں۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے عوام ایک قوم بن کر 27 فروری کو نکلیں، اب گلگت بلتستان کی عوام اپنے اتحاد و اتفاق کی طاقت سے اپنے حقوق حاصل کرینگے۔

اجلاس میں تمام اضلاع کے قائدین کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ 27 فروری کی صبح قافلوں کی شکل میں گھڑی باغ گلگت پہنچیں جہاں سے لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔

عوامی ایکشن کمیٹی کا پہلا پڑاؤ ماد علی چوک سکوار پر ہوگا جہاں دنیور اور ملحقہ علاقوں سے قافلے شامل ہونگے جسکے بعد قافلہ آگے بڑھے گا۔

اجلاس میں وائس چیئرمین محبوب ولی ، آرگنائزر کامریڈ باباجان ، لائز ونگ کے صدر نفیس ایڈوکیٹ ، سیکرٹری فنانس غلام عباس ، بانی رہنما حاجی نائب خان ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تعارف عباس ایڈوکیٹ ،سینئر رہنما جہانزیب انقلابی ، وائس چیئرمین فدا ایثار ، سیکرٹری انفارمیشن ظہیر قاسمی ، رابطہ سیکرٹری نصرت حسین ، یوتھ رہنما شاکر حسین سمیت دیگر قائدین شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے