گلگت بلتستان ،بلوچستان نہیں کہ جسکو چاہیں لاپتہ کریں ،احسان ایڈووکیٹ

گلگت(نمائندہ کاشگِل نیوز)

چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان احسان ایڈووکیٹ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ بلتستان کے علماء کرام لاپتہ کرنا ریاستی دہشت گردی ہے۔ گلگت بلتستان بلوچستان نہیں کہ جسے چاہیں لاپتہ کریں اور ہم خاموش بیٹھیں بلتستان کی عوام ماؤں بہنوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے لاپتہ علماء کیلئے جاندار آواز اٹھائی دھرنا دیے بیٹھے ہیں گلگت بلتستان کی عوام کسی صورت ایسی دہشت گردی کو قبول نہیں کرینگے اور صرف بلتستان ہی نہیں اگر فوری طور پر تمام علماء کو رہا نہیں کیا جاتا تو پورے گلگت بلتستان اور پاکستان بھر میں احتجاج کی کال دینگے۔اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسکا قانون کے مطابق ٹرائل ہونا چاہیئے لیکن اسطرح ماورائے قانون اغواکاری کسی طور پر برداشت نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر کی عوام گزشتہ تین ہفتوں سے اپنے حقوق کے حصول کیلئے دھرنے پر ہے اور حکمران ٹس سے مس نہیں جب پورے گلگت بلتستان سے دیامر کی طرف مارچ کی کال دی تو حکمرانوں میں کھلبلی مچی اور مذاکرات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں لیکن تاحال دیامر کی عوام کے مطالبات تسلیم نہیں ہوئے اور عوام کو مذاکرات کے نام پر ٹرکھانے کی کوشش ہورہی ہے جوکہ حکومت اور واپڈا کی بدنیتی ظاہر کرتی ہے ہزاروں عوام سخت موسمی حالات میں روزے کی حالت میں سڑکوں پر ہے عوام کو مزید امتحان نہ لیا جائے اگر دیامر کے علماء نے حکم دیا تو پورا گلگت بلتستان دیامر کا رخ کریگا اور ان حکمرانوں کو عوام کا سمندر بہا لے جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ علماء دیامر اور ڈیم کمیٹی نے مولانا حضرت اللہ کی قیادت میں جس جرات کیساتھ ڈیم پر کام کو رکوایا ہے اس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مکمل حمایت و تائید کا اظہار کرتے ہیں۔جبکہ تیسری طرف سوست بارڈر پر مقامی تاجروں کیلئے مزید سختیاں اور مشکلات پیدا کرکے تاجروں کو مکمل طور پر بارڈر سے بے دخل کرنے کا پلان بنایا گیا ہے اور سوست بارڈر پر این ایل سی کا قبضہ ہوچکا ہے جوکہ گلگت بلتستان کی عوام اور نوجوانوں کو بیروزگار کرنے کی سازش ہے جوکہ کسی صورت قبول نہیں۔

احسان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہمارا واضح موقف ہے کہ گلگت بلتستان ٹیکس فری زون ہے اور یہ بارڈر گلگت بلتستان کا ہے ہم گلگت بلتستان کے مقامی تاجروں پر ایک روپیہ بھی ٹیکس لگانے کے حق میں نہیں ہیں عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان تمام اسٹیک ہولڈرز ، ٹریڈرز ایسوسی ایشنز اور تاجروں کیساتھ مشاورت کرکے بھرپور عوامی طاقت سے اس ظلم کا جواب دیگی۔